مقبوضہ کشمیر:کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر کے متعدد مقامات پر چھاپے
سرینگر15 دسمبر(کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر کے اہلکاروں نے آج وسطی اور جنوبی اضلاع میں کم از کم چودہ مقامات پر چھاپے مارے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سی آئی کے کے اہلکاروں نے سرینگر میں جماعت اسلامی کے ایک رکن کے زیر انتظام سکول کے خلاف درج مقدمہ کے سلسلے میں سرینگر میں ریٹائرڈ ٹیچر اسد اللہ بٹ کی رہائش گاہ کی تلاشی لی ۔اہلکاروں نے اسد اللہ بٹ کا موبائل فون، تین پاس بکس اور دیگردستاویزات قبضے میں لے لیں۔سی آئی کے اہلکاروں نے پلوامہ اور اسلام آبادکے اضلاع میں ریٹائرڈ نائب تحصیلدار عبدالرشید شاہ، پٹواری عبدالرحمن میر،ایک ٹیچر بلال احمد ڈاراورکسان محمد شعبان ڈارکی رہائشگاہوںپر بھی چھاپے مارے۔اہلکاروں نے سرینگر میں ایک رجسٹرڈ سکول جمعیت الصالحات پر بھی چھاپہ مارا۔آخری اطلاعات آنے تک سی آئی کے اہلکاروںکے چھاپوں کا سلسلہ جاری تھا۔