ماں بیٹی کے خلاف مقدمہ درج کر نا بدترین ریاستی دہشت گردی ہے : پیروان ولایت
سرینگر 15 دسمبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںپیروان ولایت جموں وکشمیر نے سرینگر میں دو خواتین کو گرفتارکرنے اوران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پیروان ولایت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جائز حق کے لئے پرامن احتجاج کرنے والی ماں بیٹی کے خلاف مقدمہ درج کرنا انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس طرح کی مذموم کارروائیوں سے حق پر مبنی آوازوں کو دبایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کشمیر میں نسل کشی کررہی ہیں اور جو لوگ اس بربریت کے خلاف آواز اٹھارہے ہیں انہیں کالے قوانین کے تحت پابند سلاسل اورہراساں و پریشاں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی بربریت کو روکنے کے لئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں اور خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرنے پراس کے خلاف کاروائی کریں۔