بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کیلئے ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے، مقررین
مظفر آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر شاخ اور اتحاد اسلامی نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں "تنازعہ کشمیر اور ہماری ذمہ داریاں” کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عالیان کالج اپر امبور میں ہونے والی کانفرنس کے مہمانِ خصوصی حریت رہنما سید منظور احمد تھے ۔ شرکاءمیں محمد شفیع ڈار، مشتاق السلام اور شیخ عبدالماجد اور دیگر کے علاوہ بڑی تعداد میں کے طلباءشریک تھے۔
مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور غاصبانہ پالیسیوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کے لیے ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہے، لیکن کشمیری عوام نے کبھی بھی ظلم کے سامنے سر نہیں جھکایا اور نہ ہی جھکائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوںکی منصفانہ جدوجہد کے خلاف منفی بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ علمی، فکری اور منطقی انداز میں کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے طلباءو طالبات پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا سمیت ہر دستیاب پلیٹ فارم پر بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب اور عالمی برادری کو کشمیر کی اصل صورتحال سے آگاہ کریں۔انہوںنے کہا کہ بھارتی سازشوں کو ناکام بنانا نوجوان نسل کی اولین ذمہ داری ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی ہوا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے، جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے۔