امریکہ کا بھارت اور پاکستان پر کشیدگی کم کرنے، مذاکرات شروع کرنے پر زور
واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے 22اپریل کومقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان اور بھارت سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور بات چیت شروع کرنے پر زوردیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ روبیو نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے الگ الگ فون پر بات کی۔امریکہ نے دیگر ملکوں پر بھی زور دیا کہ وہ کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کریں ۔ انہوں نے جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوںپڑوسیوں پر زور دیا کہ وہ روابط کو بحال کریں اور پرامن حل تلاش کریں۔روبیو نے اسلام آباد کو تحقیقات میں مکمل تعاون کرنے کی بھی ترغیب دی۔ پاکستان نے حملے میں کسی بھی قسم کے کردار سے انکار کرتے ہوئے امریکہ سے کہا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ اپنی بیان بازی کو کم کرے۔پہلگام حملے کے بعد سے کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، دونوں ممالک نے ایکدوسرے کے خلاف سخت اقدامات کئے جن میں سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا،فضائی حدود بند کرنا اور سرحدوں پر فائرنگ کا تبالہ شامل ہیں۔