اسلام آباد :پروفیسر عبدالمجید ڈار انتقال کر گئے
اسلام آباد18 دسمبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے رہائشی پروفیسر عبدالمجید ڈار آج طویل علالت کے بعد اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عبدالمجید ڈار نے بھارتی فوجیوں کے مظالم کی وجہ سے 1990 کے اوائل میں مقبوضہ علاقے کے ضلع بڈگام کے علاقے آری یانتھن سے آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد ہجرت کی تھی۔ آزاد علاقے میں ہجرت کے بعد وہ شعبہ تعلیم کے ساتھ وابستہ ہوگئے تھے اور گورنمنٹ ڈگری کالج مظفرآباد میں بطو ایسوسی ایٹ پروفیسر پولیٹیکل سائنس خدمات انجام دے رہے تھے۔وہ تحریک آزادی کشمیر کے محاذ پر بھی سرگرم رہتے تھے اور اس حوالے سے ریڈیو مظفر آ باد سے مختلف پروگرام کرتے تھے۔ وہ 2018ءمیں سرطان کے موذی مرض میں مبتلا ہوئے تھے۔مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑے ہیں۔
مظفر آباد کے علاوہ راولپنڈی اسلام آ باد میں مقیم کشمیری مہاجرین نے عبدالمجید کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔