بھارتی فوج کا پاکستان کے حملوں میں 26 دفاعی تنصیبات اور ایئربیسز پر حملوں، نقصان کا اعتراف
”ہم پاک فوج سے مزید کشیدگی نہیں چاہتے“،شکست خوردہ بھارتی عہدیداروں کی دہائی
نئی دلی:بھارتی فوج نے پاکستان کی جوابی کارروائی میں فضائی حملوں سے دفاعی تنصیبات اور ایئربیسز کو نقصان پہنچنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی افواج کی خواتین عہدیداروں کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے نئی دہلی میں بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مصری کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ پاکستان نے 26 مقامات کو جیٹ، میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہا کہ پاکستان نے ہائی اسپیڈ میزائلوں سے بھارتی ایئربیسز پر حملے کیے، ان حملوں میں پنجاب کے ایئربیس اسٹیشن کو بھی نقصان ہوا، کچھ دیگر بھارتی بیسز کو بھی حملے سے نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ تصدیق کی کہ ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ میں ایئرفیلڈز کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے ڈرونز، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار استعمال کیے ہیں، پاکستان کے حملوں سے شدید نقصان پہنچا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوج کی سگنل کور کی کرنل صوفیہ قریشی نے اعتراف کیا پاکستان کے جوابی حملوں میں 4 فضائی اڈوں پر ان کے اثاثوں اور عملے کو بھی نقصان پہنچا۔پاکستان نے 26 سے زیادہ مقامات پر فضائی حملے کیے، اور ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور، بھوج اور بھٹنڈہ میں ایئر بیسز پر ہمارے اثاثوں اور عملے کو نقصان پہنچایا۔کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے پریس کانفرنس کے دوران یہ بھی کہا کہ ہم پاک فوج اور فضائیہ سے مزید کشیدگی نہیں چاہتے۔
بھارتی عہدیداروں کی پریس کانفرنس میں سیکریٹری خارجہ اور خواتین فوجی عہدیداروں کے اترے ہوئے چہرے اور باڈی لینگویج دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے وہ نقصانات کو چھپار ہے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران ان کا یہ جملہ ’ ہم پاک فوج اور فضائیہ سے مزید کشیدگی نہیں چاہتے“بھی بھارتی ہزیمت و شکست کا عکاس ہے۔