صدرٹرمپ کی پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان کے بعد مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش
واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پرانے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں چار روز تک بڑھتی ہوئی فوجی کارروائیوں کے بعدبھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق کو سراہا ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت قابو نہ پایا جاتا تو صورتحال لاکھوں انسانوں کی موت کا باعث بن سکتی تھی۔ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی تجویز پیش کی جو کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک انتہائی حساس موضوع ہے اور کہا کہ مجھے بھارت اور پاکستان کی پرعزم قیادت پر بہت فخر ہے کہ وہ پوری طرح سے یہ جاننے اور سمجھنے کی طاقت، دانشمندی اور ہمت رکھتی ہے کہ یہ موجودہ جارحیت کو روکنے کا وقت ہے جس کی وجہ سے بہت سے لوگوں کی موت اور تباہی ہو سکتی ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہاکہ مجھے فخر ہے کہ امریکہ اس تاریخی اور جراتمندانہ فیصلے تک پہنچنے میں آپ کی مدد کرنے میں کامیاب رہا۔ میں ان دونوں عظیم ممالک کے ساتھ تجارت میں خاطر خواہ اضافہ کرنے جا رہا ہوں۔ اس کے علاوہ میں آپ دونوں کے ساتھ مل کر یہ دیکھوں گا کہ کیا ”ہزار سال”کے بعد مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل سکتا ہے۔ جنگ بندی کا عالمی سطح پر خیرمقدم کیا گیاہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر کسی تیسرے فریق کی ثالثی کی مخالفت کرتا رہا ہے۔