مقبوضہ کشمیر: میر واعظ مولانا احمداللہ شاہ کو95ویں یوم وصال پر شاندار خراج عقیدت
سرینگر:
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اورانجمن نصر ة الاسلام کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے سرکردہ عالم دین اور انجمن کے سابق صدر میر واعظ مولانا احمداللہ شاہ کوانکے95ویں یوم وصال پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مرحوم رہنما کی دینی، تبلیغی ،سماجی اور روحانی خدمات کو خراج عقیدات پیش کرتے ہوئے انہیں ایک سچا عاشق رسول ۖ متبع سنت و شریعت و طریقت کے ایک ممتاز پیشوا ہونے کے علاوہ انتہائی خلیق اور حسن اخلاق کا مجسمہ قرار دیا۔میر واعظ نے کہاکہ مرحوم رہنماء کو سب سے پہلے یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے کشمیر میں شخصی مظالم کیخلاف اور عوام کے سیاسی اور سماجی حقوق کو بحال کرنے کے حوالے سے وائس رائے ہند کو پیش کئے گئے تاریخی میمورنڈم میں دستخط کئے جس کے بعد انہیں بہت سے مصائب اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑا اور مختلف بہانوں سے آپ کا قافیہ حیات تنگ کیا گیا۔میرواعظ عمر فاروق نے مولانا احمداللہ شاہ کی انجمن کے تئیں تعلیمی خدمات ،اصلاحات اور اپنی سرپرستی میں اسلامیہ اورینٹل کالج کا قیام اور دیگر سرگرمیوں کے تئیںزبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انہیں ایک مثالی شخصیت قرار دیا۔اس دوران مرحوم مولانا احمداللہ شاہ کو ایصال ثواب پیش کرنے کیلئے اسلامیہ اورینٹل کالج میں قرآن خوانی کی گئی جس میں مرحوم میرواعظ سمیت بانی انجمن علامہ رسول شاہ انکے رفقا ، انجمن کے دیگر مرحوم صدور ، عہدیداران ، معاونین اور مخلصین کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔