ماس موومنٹ کاچوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت
سرینگر18 دسمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے چیئرمین مولوی بشیر احمد عرفانی نے تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما، رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں چودھری غلام عباس کو تحریک آزادی کشمیرکا ایک چمکتا ہواستارہ قراردیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق چودھری غلام عباس کا مشن تھا جس کے لئے انہوں نے اپنی آخری سانس تک جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس نے اپنی نوجوانی کے دنوں سے برصغیر کے مسلمانوں کی انگریزوں سے باالخصوص کشمیریوں کی ڈوگرہ شاہی کے جبر سے آزادی کے لئے انتھک جدوجہد کی۔ چوہدری غلام عباس نے کشمیر کی تحریک آزادی میں ایک اہم کردار ادا کیااوراپنے اس مشن پر ثابت قدم رہے۔ مولوی بشیر عرفانی نے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔