سرینگر میر واعظ مولوی محمد فاروق کی شہادت کی برسی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی
برسی کے سلسلے میں متعدد تقریبات کے انعقاد کا اعلان،21مئی کو مزار شہداءپر فاتحہ خوانی ہو گی
v سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں تحریک آزادی کے ممتاز رہنما میر واعظ مولوی محمد فاروق کی شہادت کی برسی عقیدت واحترام کے ساتھ منائے جائے گی۔میر واعظ مولوی محمد فاروق کو نامعلوم مسلح افراد میں 21مئی 1990کو سرینگر میں انکی رہائشی پر گولیاںمار کر شہید کر دیا تھا۔
کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے اپنے والد کی 35ویں برسی کے سلسلے میں کئی تقریبات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ان تقریبات کا آغاز 18مئی بروز اتوار سے ہوگا اور یہ 21مئی تک جاری رہینگی۔ 18مئی کو انجمن اوقات کے زیر اہتمام جامع مسجد سرینگر میںدن گیارہ بجے قرآن خوانی اور تلاوت قرآن کے مقابلے کا انعقاد کیا جائے،19مئی کو سرینگر کے گنج بخش پارک نوہٹہ میں میر واعظ فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام دن گیارہ بجے بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا جائے گا، 20مئی کو انجمن نصرت الاسلام کے زیر اہتمام اسلامیہ ہائر سیکنڈری اسکول راجوری کدل کے آڈیٹوریم میں ”منشیات سے پاک کشمیر کی تعمیر – طلباءاور معاشرے کا کردار“ کے عنوان سے صبح دس بجے سیمینار کا انعقاد ہوگاجبکہ 21مئی بروز بدھ مزار شہدا ءعید گاہ سرینگر پر صبح ساڑھے دس بجے فاتحہ خوانی کی تقریب ہو گی۔
میرواعظ عمر فاروق نے اپنے ایک بیان میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تقریبات میں شرکت کر کے میر واعظ مولوی فاروق اور دیگر شہداءکے ساتھ اپنی بھر پور عقیدت و احترام کا اظہار کریں۔