مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے تارکین وطن کشمیریوں کا ایک اہم کردار ہے، مسعود خان
اسلام آباد:
آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور سینئر سفارت کار سردار مسعود خان نے یورپ اور دنیا کے دیگر حصوں میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اسکے تاریخی تناظر میں پیش کرنے کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لائیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سردار مسعود احمد خان نے انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس) اسلام آباد کے زیر اہتمام ڈائاسپورا کمیونٹی کے نمائندوں کے لیے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی حالیہ محاذ آرائی نے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی فوری ضرورت کی یاد دلا دی ہے جو دو جوہری ہتھیاروں کے حامل ہمسایہ ممالک کے درمیان ایک اہم فلیش پوائنٹ کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے تارکین وطن کشمیریوں اور پاکستانیوںکا ایک اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کشمیریوں کی کوششوں کی وجہ سے یورپی پارلیمنٹ نے 2020 میں کشمیر میں انسانی حقوق کی حمایت میں دو قراردادیں پاسکیں۔
سردار مسعود احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ تصادم کے بعد اب ہمارے پاس ایک اور موقع ہے کہ ہم تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے عالمی برادری کی حمایت حاصل کریں جو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا ایک اہم سبب ہے