سرینگر میں ایک تاجر کے گھر پر این آئی اے کی ٹیم کاچھاپہ
ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک نوجوان گرفتار
سرینگر19 دسمبر(کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک ٹیم نے اتوار کو سرینگر میں ایک تاجر کے گھر پر چھاپہ مارا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک کشمیری تاجر الطاف احمد ریشی ساکنہ ملک صاحب صفاکدل کے گھرکی تلاشی لی گئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ این آئی اے کے پولس اسٹیشن میں پہلے سے درج ایک کیس کے سلسلے میں تلاشی لی گئی اور چھاپے کے دوران کاروبار سے متعلق کچھ دستاویزات ضبط کی گئیں۔
دریں اثناءبھارتی فوجیوں نے جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں کے پی روڈ پر ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ایک پولیس افسر نے سرینگرمیں صحافیوں کو بتایا کہ ایک مخصوص اطلاع پر پولیس نے فوج اور سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر کے پی روڈ پر واقع النور مسجد کے قریب ایک نوجوان کو گرفتار کیا جسکی شناخت فیروز احمد زرگرکے طورپر ہوئی ہے اوروہ ضلع کولگام کے علاقے گریٹہ بل کیموہ کا رہائشی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتارنوجوان ایک عسکریت پسند ہے۔