پورا کشمیر محکمہ بجلی کے احتجاجی ملازمین کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے: حریت رہنما
سرینگر 20 دسمبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حریت رہنماو ں اور تنظیموں نے مودی حکومت کی طرف سے نجکاری کا نام پرملازمتوں سے محروم کرنے کی کوششوں کے خلاف پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی مکمل حمایت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے چیئرمین بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس طرح کا کشمیر دشمن اقدام بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کشمیریوں کو بھارت کے ایسے مذموم عزائم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور او آئی سی سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مداخلت کرکے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کریں۔
جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاذ آزادی کے صدر محمد اقبال میر، تحریک استقلال کے چیئرمین غلام نبی وسیم اور تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ محکمہ بجلی کے ملازمین کی ہڑتال جائز ہے اور پورا کشمیر بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں اس کے مذموم عزائم کو آگے بڑھانے سے روکنے کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کے پیچھے کھڑا ہے۔دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بھارت علاقے میں کالے قوانین نافذ کر رہا ہے جس کا مقصدباہر کے لوگوں کو آبادکرکے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا اور مقامی لوگوںکے وسائل پر ڈاکہ ڈالنا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ عالمی برادری بھارت کو کشمیر کو اپنے تاجروں کو فروخت کرنے سے روکے کیونکہ یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے جو بھارت کو جموں و کشمیر میں سٹیٹس کو تبدیل کرنے سے روکتی ہیں۔جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ نے بھی محکمہ بجلی کے ملازمین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ جے کے پی آر ایم نے سرینگر میں وائس چیئرمین اعجاز الحق، جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصعب اور چیف ترجمان خان عمر سمیت اپنے عہدیدان کے ایک اجلاس میں ملازمین کی تعریف کی اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کے اس کشمیر دشمن اقدام کے خلاف آواز بلند کریں۔جے کے پی آر ایم کے اراکین بڈگام میں تحریک حریت کے سینئر رہنما سید امتیاز حیدرکے گھر گئے جنہیں حال ہی میں جیل سے رہا کیا گیا ہے اور کشمیر کاز کے لیے ان کے موقف اور قربانیوں کو سراہا۔