مقبوضہ جموں و کشمیرکی اسمبلی نے دفعہ 370کی بحالی کے لئے قرارداد منظوکرلی
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی نومنتخب قانون ساز اسمبلی نے دفعہ370کی بحالی کے لئے قرارداد منظورکرلی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بدھ کی صبح مقبوضہ جموں وکشمیرکی اسمبلی میں اس وقت گرما گرم بحث ہوئی جب نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے رہنما سریندر سنگھ چودھری نے ایک قرارداد پیش کی جس میں خطے کی خصوصی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔ بی جے پی کے ارکان نے قرارداد کی مخالفت کی۔ سریندر سنگھ چودھری کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کا مقصد دفعہ370کے تحت ان خصوصی دفعات کو بحال کرانا ہے جن کے تحت جموں و کشمیر کو خود مختاری حاصل تھی۔ اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے ارکان سے رائے طلب کی۔ بی جے پی ارکان کو چھوڑ کر ارکان اسمبلی کی اکثریت نے قرارداد کی حمایت کی جس کے بعد اسپیکر نے اسے باضابطہ طور پر منظور کرلیا۔بھارتی حکومت نے دفعہ 370کو 5اگست 2019کو یکطرفہ طور پر منسوخ کیا تھا اور خطے پر ایک فوجی لاک ڈائون مسلط کردیا تھا۔ ہزاروں کشمیریوں کوجیلوں میں ڈالا گیا اور کشمیر کو تاریخ کی طویل ترین انٹرنیٹ بندش کا سامنا کرنا پڑاتھا۔