مظفرآباد : سیمینار میں پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کواجاگرکیاگیا
مظفرآباد:
مظفرآباد میں ایک سیمینار کے مقررین نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد جنوبی ایشیا کی تیزی سے بدلتی ہوئی سکیورٹی کی صورتحال کواجاگر کیا اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون پر زور دیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایشین ریسورس فورم کشمیرنے اسکالرز فائونڈیشن کے اشتراک سے کشمیرانسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز مظفرآباد میں سیمینار کا اہتمام کیا ۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو آزاد کشمیر ظہیر احمد قریشی سیمینار کے مہمان خصوصی تھے۔سیمینار نے تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا اور تھنک ٹینکس کے نمائندوں نے شرکت کی اور پہلگام واقعے کے بعد پورے جنوبی ایشیا میں سیکورٹی اور سفارتی ترجیحات کی تبدیلی کو اجاگر کیا۔ظہیر احمد قریشی نے اپنے خطاب میں نئے اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کی غرض سے باخبر علاقائی حکمت عملی وضع کرنے کے لیے ماہرین تعلیم اور پالیسی سازوں کے درمیان خلا کو ختم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی رہنما شمیم شال نے اپنے خطاب میں خواتین کی قیادت اور کشمیر کی جاری تحریک آزادی میں ان کے اہم کردارکو اجاگر کیا۔سید افتخار حسین کاظمی، ڈاکٹر عابدہ رفیق، ڈاکٹر عاصمہ شاکر خواجہ، ڈاکٹر محمود حسین اور نائلہ الطاف کیانی سمیت دیگر مقررین نے واضح کیاکہ پہلگام واقعے نے جنوبی، وسطی اور مشرقی ایشیا میں جغرافیائی اورسیاسی تبدیلیوں کو جنم دیاہے۔