بھارت :کولکتہ کے اسپتال کا بنگلہ دیشی مریضوں کا علاج کرنے سے انکار
کولکتہ: بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں قائم ایک اسپتال کے حکام نے کہا ہے کہ وہ بنگلہ دیش سے آنے والے مریضوں کا علاج نہیں کریں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شمالی کولکتہ کے علاقے مانیکٹلا میں جے این رے ہسپتال نے کہا کہ وہ پڑوسی ملک میں ہندوئوں پر مبینہ مظالم کے خلاف احتجاج کے دوران بنگلہ دیش سے آنے والے مریضوں کا علاج نہیں کرے گا۔ہسپتال کے ایک عہدیدار سبھرانشو بھکت نے کہاہم نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے کہ آج سے غیر معینہ مدت تک ہم کسی بھی بنگلہ دیشی مریض کو علاج کے لیے داخل نہیں کریں گے۔ یہ بھارت کے ساتھ ان کے توہین آمیز رویے کی وجہ سے ہے ۔سبھرانشو بھکت نے شہرکے دیگر اسپتالوں پر بھی زور دیا کہ وہ بھی بنگلہ دیشی شہریوں کے ساتھ ایسا ہی کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے ان کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا لیکن اس کے باوجودہم بھارت مخالف جذبات دیکھ رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ دوسرے ہسپتال بھی ہمارا ساتھ دیں گے اور اسی طرح کے اقدامات کریں گے۔






