حریت وفد کی میڈیکل کالج مظفرآباد کے پرنسپل سے ملاقات، یکم ستمبر کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت

مظفرآباد :کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کی رہنماشمیم شال کی قیادت میں ایک وفد نے میڈیکل کالج مظفرآباد کے پرنسپل ڈاکٹر عدنان معراج سے ملاقات کی اور انہیں یکم ستمبر کو بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کی برسی کے موقع پر منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد میں شیخ محمد یعقوب، سید گلشن، مشتاق الاسلام اور مشتاق احمد بٹ شامل تھے۔ ملاقات کا مقصد بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کی جدوجہد، قربانیوں اور کشمیر کاز کے حوالے سے منعقد ہونے والی کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت کو یقینی بنانا تھا۔ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، سیاسی سرگرمیوں پر پابندیوں اور کشمیری عوام کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔حریت رہنماو¿ں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے حل طلب ہے اور اس کے باعث خطے میں کشیدگی اور بے یقینی کی صورتحال برقرار ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔وفد نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن طریقے سے فوری طور پر حل کیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔ اس موقع پر تحریک حق خودارادیت کے لیے بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کی طویل سیاسی جدوجہد اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وفد نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے وقف کردی اورتحریک آزادی کشمیر میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔






