بھارت : اترپردیش میں اقلیتی برادری کی 7 سالہ بچی کی آبروریزی، قتل
مرادآباد 27 دسمبر (کے ایم ایس) بھارت کی ریاست اتر پردیش میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی ایک سات سالہ بچی کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنایاگیا اوربعد میں قتل کر دیا گیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی بچی22 دسمبر کو ریاست کے شہر مراد آباد میں اپنے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی۔اس کی لاش بعد میں اس کے گھر سے تقریباً دو کلومیٹر دور گنے کے کھیت سے ملی۔ پوسٹ مارٹم سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی اورپھر قتل کیا گیا ۔متاثرہ بچی تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی اور اس کے والد ایک سبزی فروش ہیں۔ اس کے لاپتہ ہونے کے بعد اس کے گھر والوں نے گمشدگی کی شکایت درج کرائی۔ پولیس کی دو ٹیمیں اس کا سراغ لگانے کے لیے مقرر کی گئیں لیکن وہ اسے تلاش نہیں کر سکیں۔بچی کی والدہ نے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی کو ہر جگہ تلاش کیا لیکن وہ نہیں ملی۔ انہوں نے کہاکہ میں اپنی بیٹی کے لیے انصاف چاہتی ہوں۔
دریں اثناءبی جے پی اورآر ایس ایس کی حکمرانی والی ایک اور ریاست گجرات میں پولیس نے ضلع ڈینگ میں 14 سالہ لڑکی کی اجتماعی عصمت دری کرنے والے چھ افراد کو گرفتار کیاہے۔یہ واقعہ تقریباً دو ماہ قبل پیش آیا تھا لیکن حال ہی میں اس وقت منظر عام پر آیا جب لڑکی کے ایک رشتہ دار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس جرم کی ویڈیو دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ مبینہ فعل کو ایک ملزم نے اپنے موبائل فون پر ریکارڈ کیا اور بعد میں اسے سوشل میڈیا پر پھیلا دیا۔