شبیر احمد ڈار کا ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے اقلیتوں پر مسلسل حملوں پراظہار تشویش
سرینگر 27 دسمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںمسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے اقلیتوں پر مسلسل حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد ڈار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں گزشتہ چند دنوں سے عیسائیوں کے خلاف حملوں میں اضافہ شدید تشویش کا باعث ہیں کیونکہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں نظام کس طرح کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیگر اقلیتیں بھی خود کو محفوظ محسوس نہیں کر رہی ہیں۔شبیر ڈار نے کہاکہ اقوام متحدہ اور مذہبی آزادی کے علمبرداروں کو ان دہشت گرد کارروائیوں کی سرکاری سرپرستی کا نوٹس لینا چاہےے اور بھارت کو ایسے جرائم پرسزا دینی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ حقیر معاشی فوائد کی وجہ سے اس اصول پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندو انتہاپسند اب مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام کررہے ہیں اور انہوں نے اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے حد بندی شروع کر دی ہے۔حریت رہنما نے کہاکہ دنیا کو ان سنگین اقدامات پر خاموش تماشائی نہیں بننا چاہیے اور بھارت کو ہندوتوا ایجنڈے کو نافذ کرنے سے روکنے کے لیے کارروائی کرنی چاہیے اورمظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانا چاہیے جس کا وعدہ ان سے ا قوام متحدہ نے کررکھا ہے۔