اسد الدین اویسی کی مسلمانوں کی نسل کشیُ کے ہندوانتہا پسندوں کے بیان کی مذمت،سخت کارروائی کا مطالبہ
نئی دلی 28 دسمبر (کے ایم ایس)
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے ہریدوار میں نام نہاد دھرم سنسد میں مسلمانوں کی نسل کشیُ کی بات کرنے والی ہندو انتہا پسند تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق اسد الدین اویسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہریدوار کے تین روزہ نام نہاد دھرم سنسد میں مسلمانوںکے خلاف دئیے گئے نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر یو اے پی اے ایکٹ کے تحت پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہریدوار میں دھرم سنسد میں مسلمانوں کی نسل کشی کی بات کرنے والوں کے خلاف محض ایف آئی آر درج کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ انہیں فوری گرفتارکیاجانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جن ہندو انتہاپسندتنظیموں نے مسلمانوں کی نسل کشیُ کے نفرنت انگیز بیانات دئے ہیں ان پر پابندی عائد کی جانی چاہیے۔ اسدالدین اویسی نے کہا کہ اس معاملے پر سماج وادی پارٹی اور کانگریس کی خاموشی نے انہیں بے نقاب کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘آئین اور قانون پر یقین رکھنے والے تمام سیاسی جماعتوں کو خاموشی توڑنی ہوگی کیونکہ نام نہاد دھرم سنسد نے کھلے عام مسلمانوں کی نسل کشی کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتہا پسند ہندوئوں نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت میں بھی مسلمانوں کی نسل کشی پر زوردیا ہے جوکہ ناقابل قبول ہے ۔