مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن وترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، حریت رہنما
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حریت رہنماﺅں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن وترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماو¿ں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی جنوبی ایشیا اور عالمی سطح پر امن کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
حریت رہنماﺅں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن بھارت انہیں یہ حق دینے کے بجائے انکی جدوجہد کو طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہاہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے فوری کردار ادا کرے۔