حیدر پورہ جعلی مقابلہ،شہید نوجوان کی میت اہلخانہ کے حوالے کرنے کیلئے ہائی کورٹ میں عرضداشت دائر
سرینگر31 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ ماہ نومبر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حیدر پورہ سرینگر میں ایک جعلی مقابلے میں شہید ہونیوا لے چار کشمیریوں میں شامل عامر ماگرے کے والد نے اپنے بیٹے کی میت کی واپسی کیلئے کشمیر ہائی کورٹ میں عرضداشت دائر کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے15 نومبر کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں چار شہریوں محمد الطاف بٹ، ڈاکٹر مدثر گل، عامرماگرے اور ایک اورکشمیری نوجوان کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھا۔عامر کے والد نے یہ عرضداشت اپنے وکلا دیپیکا سنگھ رجاوت اور محمد ارشد چودھری کے ذریعے ہائی کورٹ میں دائر کی ہے۔انہوں نے اپنی درخواست کی جلد سماعت کی استدعا کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کی جلد ا ز جلد قبرکشائی کر کے اس کی میت ان کے حوالے کی جانی چاہیے تاکہ وہ اس کی بااحترام طورپرتدفین کرسکیں۔