انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث بھارتی فورسز اہلکاروں کی فہرست اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھیجی جائیگی
سرینگر 19اکتوبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںایک مقامی این جی او اور سول سوسائٹی کی تنظیم جموں وکشمیر انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ پیس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں خاص طور پر ماورائے عدالت قتل اور کشمیری نوجوانوں کے دوران حراست جعلی مقابلوں میں شہادت اورانہیںجھوٹے مقدمات میں پھنسانے میں ملوث بھارتی فوجیوں، پیراملٹری، پولیس اور ایس او جی اہلکاروں کی ایک فہرست تیار کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر میں قائم جموں وکشمیر انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ پیس اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروںاور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں بشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل ،ہیومن رائٹس واچ اور ایشیاواچ کوبھی یہ فہرست فراہم کرے گی جس میں مقبوضہ علاقے میںتلاشی کی کارروائیوں کے نام پرانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث بھارتی فوجیوں، پیراملٹری، پولیس اور ایس او جی اور این آ ئی اے سمیت بھارتی ایجنسیوں کے اہلکار وں کی تفصیلات شامل ہیں ۔ بیان کے مطابق بھارتی فورسزکے اہلکار مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین پامالیوں میں ملوث ہیں جنہیں مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کے تحت مکمل تحفظ حاصل ہے ۔مودی کی فسطائی بھارتی حکومت،قابض انتظا میہ ، بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اور انہیں انکی جائیدادوں سے بھی بے دخل کیاجارہاہے ۔مقبوضہ علاقے میں پر امن سیاسی سرگرمیوں، اظہار رائے کی آزادی اور دیگر بنیادی حقوق پرپابندی عائد ہے ۔