سرینگر : شہریوں کے قتل کے خلاف مظاہرہ
سرینگر 17 نومبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں شہید ہونے والے شہریوں کے اہلخانہ نے آج مسلسل دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا اور اپنے پیاروںکی میتیں حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شہید شہریوں ڈاکٹر مدثر گل اور الطاف احمد کے اہل خانہ سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے سری نگر کے پریس انکلیو میں ایک مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے قابض حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ شہداءکی میتوں کو ان کے لواحقین کے حوالے کریں تاکہ وہ ان کی مناسب طریقے تدفین کر سکیں۔بھارتی پولیس نے دونوں شہدا کی میتوں کو ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں ایک قبرستان میں سپرد خاک کر دیا ہے۔مظاہرین نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے جعلی مقابلوں میں بیگناہ شہریوںکے قتل کے واقعات کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نعرے لگائے ”ہم انصاف چاہتے ہیں، "ہمیں مدثر گل اور الطاف احمد کی میتیں واپس چاہئیں جو بے گناہ تھے۔” مظاہرین کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے 370 اور 35 اے دفعات کی منسوخی کے بعد بے گناہ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔