میرواعظ کاخواجہ غلام احمد میر اور دیگر کے انتقال پر اظہار تعزیت
کشمیری پنڈت برادری کو ہیرتھ کے تہوار پر مبارکباد

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیرواعظ عمر فاروق نے کنگن سے تعلق رکھنے والے خواجہ غلام احمد میر جو گریٹر کشمیر اور کشمیر عظمیٰ کے مدیرِ اعلیٰ فیاض احمد کلو کے والد نسبتی تھے، کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فیاض احمد کلو اور دیگر سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔میرواعظ نے چندپورہ جامع مسجد سرینگر کے محمد سلطان شاہ، اور میر کالونی، لال بازار، کے محمد رجب ڈارکے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومین کے لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لئے دعا کی۔
دریں اثناءمیرواعظ عمرفاروق نے کشمیری پنڈت برادری کو ہیرتھ کے تہوار پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مواقع ہمیں پرامن بقائے باہمی، باہمی احترام اور بھائی چارے کی ان مشترکہ اقدار کی یاد دلاتے ہیں جو صدیوں سے کشمیر کی مذہبی اور ثقافتی شناخت کا حصہ رہی ہیں۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھی ہیرتھ کے موقع پر کشمیری پنڈت برادری کو دلی مبارکباد دی ہے۔







