اقوام عالم کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلائے،حریت رہنماء
اسلام آباد 05 اکتوبر (کے ایم ایس)
جموں وکشمیر پیپلز مومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید ملک، پیر پنجال فریڈم مومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران اور جموں و کشمیر پیپلز ایسوسی ایشن کے کنوینر خالد شبیر نے اقوام عالم سے اپیل کی ہے کہ وہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق اسلام آباد میں حریت رہنمائوں نے ان خیالات کا اظہار عبدالمجید ملک کی زیر صدارت ایک اجلاس کے بعد جاری ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جعلی مقابلوں کے دوران کشمیری نوجوانوں کا قتل روز کا معمول بن گیا ہے، بھارتی فورسز نے مہلک پیلٹ گنز کاوحشیانہ استعمال کرتے ہوئے ہزاروں کشمیریوںکو بینائی سے محروم کر دیا ہے جبکہ مقبوضہ علاقے میں قابض فورسز کی طرف سے ہزاروں خواتین کی عصمت دریاں کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ کنن پوشپورہ جیسے اجتماعی عصمت دری کے واقعات نے بھارت کی نام نہاد جمہوریت کی قلعی کھول دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز اور خفیہ ایجنسیوں نے ہزاروں افراد کو رات کے اندھیرے میں گھروں سے اغوا کیا جن میں سے بیشتر آج بھی لاپتہ ہیں۔حریت رہنمائوںنے کہاکہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانے والے صحافیوں کے خلاف کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کئے جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ان حالات میں کشمیری عوام کی نظریں اقوام عالم پر لگی ہوئی ہیںکہ وہ انہیں بھارتی مظالم سے نجات دلائیں گے ۔