بھارت: کورونا وبا کے دوران غریبوں کی تعداد دوگنی ہوگئی
نئی دلی 17جنوری (کے ایم ایس)
عالمی ادارے آکسفیم انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ مہلک کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھارت میں غریب افراد کی تعداد دو گنی ہوگئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آکسفیم انٹرنیشنل نے اپنی تازہ رپورٹ” ان ایکوالیٹی کلس ”میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں گزشتہ ایک برس کے دوران 84 فیصد کنبوں کی آمدنی میں کمی آئی ہے جبکہ ارب پتی افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا اور یہ تعداد 102سے بڑھ کر 142ہوگئی۔ ان افرادکی دولت 720ارب ڈالر سے زیادہ ہو گئی ہے، جو کہ 130کروڑ کی آبادی والے بھارت کی 40 فیصد غریب آبادی کی مجموعی دولت سے بھی زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارت میں موجود ارب پتی افراد کی تعداد فرانس، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ کے ارب پتیوں کی مجموعی تعداد سے بھی زیادہ ہے اور گزشتہ سال کے دوران ان میں 39فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ آکسفیم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بھارت میں امیر اور غریب کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔مہلک وباکی وجہ سے جہاں بھارت کا صحت کا نظام بری طرح متاثر ہوا وہیں قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں میں لاشوں کی آخری رسومات کے لیے جگہیں بھی کم پڑ گئی ہیں۔ لیکن دولت مند افراد کی دولت میں دو گنا سے زیادہ اضافہ ہوا۔ آکسفیم نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ غربت میں اتنے زیادہ اضافے کی وجہ سے بھارت سب سہارا افریقہ کی صف میں آگیا ہے۔ جوہری طاقت رکھنے والے اس جنوبی ایشیائی ملک میں 2020میں غریبوں کی تعداد دو گنا ہوکر 13کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔ آکسفیم نے جرائم سے متعلق حکومتی اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میںخودکشی کرنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد خود کاروبار کرنے والے اور بے روزگار افراد کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وائر س کی وبا کا قہر بھارت میں جیسے جیسے بڑھتا گیا ملک کے صحت کے بجٹ میں کمی آتی گئی۔ 2020-21کے دوران صحت کے بجٹ میں مجموعی طورپر 10فیصد کی کمی کی گئی ہے۔ آکسفیم کے سی ای او امیتابھ بیہر کا کہنا ہے کہ رپورٹ عدم مساوات کی تلخ حقیقت کی جانب اشارہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہم بھارتی حکومت سے ایک ایسے اقتصادی نظام پر عمل پیرا ہونے کی اپیل کرتے ہیں جہاں مسا وات ہو ۔ بلوم برگ کی ارب پتیوں کی فہرست کے مطابق گزشتہ برس بھارت میں سب سے زیادہ اضافہ گوتم ایڈانی کی دولت میں اضافہ ہوا۔ ان کی دولت میں 42ارب 70کروڑڈالر کا اضافہ ہوا ۔ مکیش امبانی کی دولت میں 13ارب 30کروڑڈالر کا اضافہ ہوا۔ آکسفیم کے سی ای او امیتابھ بیہر کہتے ہیں، ”سیاسی حلقوں سے جو بیانات آرہے ہیں ان سے یہ واضح ہے کہ بھارت کو ابھی عدم مساوات اور غربت کے خاتمے کے لیے بہت زیادہ کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔