مسرت عالم بٹ کی سانحہ گائوکدل کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جمعہ کو ہڑتال کی اپیل
سرینگر18جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے سانحہ گائو کدل سرینگر کے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آزادی پسند کشمیریوں سے 21جنوری بروز جمعہ کو ضلع سرینگر میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 21جنوری 1990کو گائوکدل میں اندھا دھند فائرنگ کر کے 60کے قریب کشمیریوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کشمیریوں سے نماز جمعہ کے موقع پر اجتماعی دعائیں کرنے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ، ماورائے عدالت قتل،جبری گرفتاریوں، دوران حراست گمشدگیوں، آبادی کے تناسب کی تبدیلی اور ہندوتوا نظریہ کے نفاذ کے خلاف پرامن احتجاج ریکارڈ کرانے کی بھی اپیل کی ۔ حریت چیئرمین نے بھارت کی فسطائی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں آزادی صحافت پر حملے کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں خاص طورپر کشمیریوں کے اپنے جائز اور منصفانہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے جاری جدوجہد کودبانے کیلئے پہلے ہی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا بدترین سنسر شپ کا شکار ہیں۔بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیر پریس کلب کو زبردستی طورپر بند کرانے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسرت عالم بٹ نے اس ظالمانہ اقدام کاتمسخر اڑاتے ہوئے کہاکہ بھارت سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے اپنے نام نہاد دعوے کے برخلاف دنیا میںعملی طور پر بدترین آمریت کے طورپر ابھر رہا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی، جبری گرفتاریاں، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی دیگرخلاف ورزیاں رکوائے۔