شہدائے گاﺅ کدل کو شاندار خراج عقیدت پیش
سرینگر19 جنوری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے گاو کدل قتل عام کے شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بھارتی فوجیوں نے 21 جنوری 1990 کوسرینگر کے علاقے گاو کدل میں پرامن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 50 سے زائد بے گناہ افراد کو شہید کر دیا تھاجو فوجیوں کے ہاتھوںکئی خواتین کی بے حرمتی کے خلاف سراپا احتجاج تھے۔ مولوی بشیر احمد عرفانی نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری اپنے شہداءکے مقدس خون کے مقروض ہیں وہ بھارتی جبر و استبداد کے باوجود جاری تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے گاو کدل کے شہداءکی برسی کے موقع پر غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کی طرف سے دی گئی ہڑتال کا کال کا اعادہ کیا۔انہوںنے کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کی جدوجہد میں گاﺅ کدل، بجبہاڑہ، سوپور اور ہندواڑہ سمیت کئی قتل عام دیکھے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں کی نسل کشی کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما سید سبط شبیر قمی نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں 26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل شہریوں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال 26 جنوری کشمیریوں کے لیے مزید مصائب لے آتا ہے اور انہیں بھارتی فوجیوں کے قہر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے انتظامیہ کی طرف سے کشمیر پریس کلب کی رجسٹریشن کی منسوخی کو آزادی اظہار پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نام نہاد بھارتی جمہوریت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے ہیں۔ سید سبط شبیر قمی نے کہا کہ مودی حکومت اپنے تمام تر ظلم و ستم کے باوجود حق خود ارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔