ڈر ہے کہ مودی چین کی طرف سے تعمیر کئے جانیوالے پل کا بھی افتتاح نہ کر ڈالیں،راہل گاندھی
نئی دلی 19 جنوری (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس کے سابق رہنماء راہل گاندھی نے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ چین پینگونگ تسو جھیل کے کنارے ایک اسٹریٹیجک پل بنا رہا ہے اور انہیں ڈر ہے کہیںوزیر اعظم نریندر مودی اس پل کا افتتاح کرنے نہ پہنچ جائیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں لائن آف ایکچول کنٹرول پر چین کی فوج کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پرمودی حکومت کو براہ راست مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہاکہ مودی کی خاموشی سے پی ایل اے کے حوصلے بلند ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چین پینگونگ تسو جھیل کے کنارے اسٹریٹیجک نوعیت کا ایک پل بنا رہا ہے اور انہیں خدشہ ہے کہ وزیر اعظم مودی کہیں اس پل کا افتتاح کرنے نہ پہنچ جائیں۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی نے جس پل کا ذکر کیا ہے کہ وہ پینگونگ تسو جھیل کے کنارے پرتعمیر کیاجارہا ہے جو چار سومیٹر طویل اورآٹھ میٹر چوڑا ہے۔ اس پل کی تکمیل سے چین کو خطے میں اہم فوجی برتری حاصل ہو جائے گی۔ یہ پل پینگونگ تسو جھیل کے شمالی کنارے پر چینی فوج کے اڈے کے بالکل جنوب میں واقع ہے۔