عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد 21 جنوری (کے ایم ایس)
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم کافوری نوٹس لے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے اسلام آباد میں ہفتہ وارنیوز بریفنگ کے دوران کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، بھارتی فوجی کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی میں ملوث ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ پر امن اور دوستانہ تعلقات کا خوہااں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کے ساتھ بامعنی ، نتیجہ خیز اور تعمیری مذاکرات کیلئے پر عزم ہے اور یہ بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سازگار ماحول کے قیام کیلئے ضروری اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید کہاکہ 5اگست2019کو بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد سے دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات اچھے نہیں ہیں۔