اسلام آباد:یومِ آزادی کے سلسلے میں حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام پروقار تقریب

اسلام آباد:پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب کی صدارت حریت کنوینر غلام محمد صفی نے کی،جس میں سینئر حریت رہنمائوں اور بچوں نے شرکت کی۔ غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے دل پاکستانی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان و کشمیر کے عوام کے درمیان لازوال رشتہ کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔سینئر حریت رہنما فیض نقشبندی نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کا رشتہ تاریخی، نظریاتی اور قلبی وابستگی پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کشمیری عوام کے لیے امید اور حوصلے کا باعث ہے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور پاکستان کے ساتھ اپنی محبت و وابستگی برقرار رکھیں گے۔تقریب میں بچوں نے ملی نغمے پیش کئے جبکہ پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر پر یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔







