بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے
سرینگر31 جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے جعلی مقابلوں میں قتل عام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ااقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جرائم اور تنازعہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردوں پر عملدرآمد نہ کرنے پربھارت سے جواب طلب کر ے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خادم حسین اورسبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے اور قابض بھارتی فورسز بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو روز جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست اور ہندو توا نظریے کی حامل بی جے پی حکومت مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلتیوں کے خلاف جو خطر ناک کھیل کھیل رہی ہے وہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی ادارووں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو دراصل کشمیریوں کے جذبہ حریت نے انتہائی بے بس اور بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے او ر وہ انسانی حقوق کے بارے میں تمام عالمی قوانین اور ضوابط کی مقبوضہ علاقے میں دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ خادم حسین اور سبط شبیر قمی نے کہا کہ محکوم کشمیری غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف گزشتہ 74برس سے برسرپیکار ہیں اور اس دوران انہوں نے لاکھوں جانوں کی قربانی دی لیکن انکا جذبہ آزادی زندہ وسلامت ہے اور وہ ایک دن ضرور بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے ۔ انہوں نے رواں ماہ مقبوضہ علاقے کے مختلف اضلاع میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ماہ فروری کشمیریوںکیلئے بڑی اہمیت کاہے کیونکہ 5فروری کو حکومت پاکستان ہر سال یوم یکجہتی کشمیر کے طورپر مناتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 9فروری کو بھارتی حکومت نے محمد افضل گورو کو جبکہ 11فروری کو محمد مقبول بٹ کو شہید کیاتھا ۔انہوں نے کہاکہ 10فروری کو تمام شہدا ئے کشمیر کی یاد میں منایا جاتا ہے اور 8جولائی کو نوجوان کشمیری رہنماء برہان مظفر وانی کی یوم شہادت ہے ۔ عبدالصمد انقلابی نے تلسر چرار شریف بڈگام اور ٹہاب پلوامہ کے شہدا کو بھی شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھاجائے گا۔