مقبوضہ کشمیر :کانگریس کا ریاستی درجہ اور آئینی تحفظات کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
جموں:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر طارق حمیدقرہ نے کہا ہے کہ دفعہ370کی منسوخی کے بعد مقبوضہ علاقے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق طارق حمید قرہ نے ضلع سانبہ کے علاقے وجے پور میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی درجے کی بحالی اور زمین، ملازمتوں اور قدرتی وسائل کے آئینی تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ 2019 میں دفعہ 370 کی منسوخی کا جشن منانے والے اب اپنے موقف پر نظرثانی کر رہے ہیں۔ وہ تسلیم کر رہے ہیں کہ اس فیصلے سے جموں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دفعہ 370کی منسوخی کے اثرات کا جائزہ لیا جائے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے پارٹی کے شعبہ وچار وِبھگ کو ایک مطالعاتی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
طارق حمید نے کہا کہ کانگریس مکمل ریاستی درجے کی بحالی اور دیگر بھارتی ریاستوں کی طرح آئینی تحفظات کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد اور ہر شہری کے حق رائے دہی کے تحفظ کے لیے بھی جدوجہد کرے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس کی ملک گیر اپیل کے تحت 26نومبر کو جموں میں ایک بڑا اجتماع منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اس میں بھرپورشرکت کی اپیل کی۔
اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے قائم مقام صدر رمن بھلا نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی پارٹی کا بنیادی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے مقبوضہ علاقے کو ریاستی درجے اور دیگر اہم حقوق سے محروم کیا ہے، جس کے باعث کشمیری عوام مشکلات کا شکار ہیں۔









