اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی نشست کی کوشش کے دوران اسرائیل کو بھارتی اسلحے کی برآمدات پر سوالات
ایک طرف تقریروں میں امن کی رٹ اوردوسری طرف گولہ بارودکی ترسیل،نئی دہلی کا دوہرا معیار بے نقاب
نئی دہلی: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 2028-29 کی نشست حاصل کرنے کی بھارتی کوشش اسرائیل کو اسلحے کی برآمدات کے باعث تنقید کی زد میں ہے اوراس معاملے پر نئی دہلی کو 57رکنی اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی حمایت حاصل کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے حال ہی میں غزہ تک انسانی امداد کی رسائی سے متعلق اقوام متحدہ کی اپیل کی حمایت کی ہے۔تاہم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ میں اسرائیل کو بھارتی اسلحے کی متعدد کھیپوں کی ترسیل کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اس سے نئی دہلی کے متضاد موقف پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔
بھارت نے12 اور 13نومبر 2026 کو 53ممالک اور تنظیموں کے ساتھ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں غزہ میں انسانی امداد اور صحت کی سہولیات تک رسائی کے مطالبے کی حمایت کی۔اس اقدام کی قیادت برطانیہ، قطر اور اردن نے کی تھی۔ بھارت نے بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام پر بھی زور دیا تھا۔اگر انسانی امداد کے وعدوں، خلیجی ممالک کے اعلی سطحی دوروں اور دو ریاستی حل کی مسلسل حمایت کو بھی شامل کیا جائے تو بھارت فلسطین کا دوست دکھائی دیتا ہے۔لیکن حقائق اس کے برعکس ہیں۔
مودی کا اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب
فروری 2026 میں جب غزہ تباہی کا منظر پیش کر رہا تھا مودی اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والے پہلے بھارتی رہنما بنے۔انہوں نے بھارتی نژاد یہودیوں کے بارے میں گرمجوشی کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق یہودی اسرائیل کو اپنا وطن اور بھارت کو اپنی مادرِ وطن سمجھتے ہیں۔بھارت کے ناقدین نے اس بیان کو فلسطین کے ساتھ نئی دہلی کی تاریخی یکجہتی سے دوری کی علامت قرار دیا۔
اسرائیل کو بھارتی اسلحے کی 2,596کھیپیںبرآمد
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جولائی 2026 کی رپورٹ بعنوان” میڈ اِن انڈیا” میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت نے 7 اکتوبر 2023 سے 30نومبر 2025 تک اسرائیل کو چھوٹے ہتھیاروں، گولہ بارود اور فوجی گاڑیوں کے پرزوں کی 2,596کھیپیں برآمد کیں۔ان کھیپوں میں 155ملی میٹر توپوں کے گولے اور اسکائی اسٹرائیکر خودکار حملہ آور ڈرونز کے وارہیڈز کے اجزا بھی شامل تھے۔ان برآمدات میں ایسی کمپنیاں بھی شامل ہیں جن کی ملکیت اور انتظام براہ راست بھارتی حکومت کے پاس ہے۔رپورٹ کے مطابق ان ترسیلات کا سلسلہ جنگی جرائم کے ممکنہ ارتکاب سے متعلق واضح اور علانیہ انتباہات کے باوجود جاری رہا۔یہ ترسیلات نسل کشی کنونشن کے تحت عالمی عدالت انصاف کے عبوری احکامات کے بعد بھی جاری رہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے نتیجہ اخذ کیا کہ بھارت ایسی خلاف ورزیوں میں ممکنہ طور پر معاونت کا خطرہ مول لے رہا ہے۔ایمنسٹی نے نئی دہلی کو خط لکھا تھا، تاہم رپورٹ کی تیاری تک اسے کوئی جواب موصول نہیں ہوا تھا۔
غزہ کے لیے امداد کی اپیل اور اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی
بھارت غزہ کے اسپتالوں کے لیے امداد کی اپیلوں کی حمایت نہیں کرسکتا، جبکہ اس کے سرکاری کارخانے انہی قوتوں کی جنگی سپلائی چین کو سامان فراہم کر رہے ہیں جنہوں نے ان اسپتالوں کو تباہ کیا۔جو ملک انسانی امداد تک رسائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھماکہ خیز اسلحے کے پرزے بھیجتا ہے، وہ امن کا شراکت دار نہیں ہوسکتا۔ بلکہ وہ جنگ سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔او آئی سی کے رکن ممالک کو جون 2027 میں ہونے والی خفیہ رائے شماری سے قبل اس معاملے کو ضرور مدنظر رکھنا چاہیے۔
جرمنی کی مثال بھارت کے لیے انتباہ
جرمنی پہلے ہی دکھا چکا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایسے معاملات کو یاد رکھتی ہے۔جون 2026 میں جرمنی پہلی مرتبہ سلامتی کونسل کی نشست کی دوڑ ہار گیا تھا۔اس کے اپنے وزیر خارجہ نے بھی عندیہ دیا تھا کہ اسرائیل کے لیے برلن کی حمایت نے اہم ووٹ حاصل کرنے میں مشکلات پیدا کی ہوں گی۔بھارت کا شانتی(امن) کا نعرہ اسرائیل کو بھیجی گئی 2,596 کھیپوں کی حقیقت نہیں چھپا سکتا۔مسلم دنیا کو نئی دہلی کے بیانات اور سفارتی اعلامیوں کے بجائے اس کی اسلحے کی ترسیل کے ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ کرنا چاہیے۔







