محبوبہ مفتی کاشیش ناگ جھیل کے قریب بھاری مشینر ی کااستعمال اور تعمیراتی کام بندکرنے کا مطالبہ
سرینگر: غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے پہلگام میں ہندو امرناتھ یاترا کے راستے پر واقع شیش ناگ جھیل کے قریب سڑک کی تعمیر کیلئے بھاری مشینری کا استعمال فوری طور پر روکنے اور بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے ساتھ کئے گئے معاہدے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سیاسی رہنمائوں سمیت ماہرین کی ایک ٹیم شیش ناگ جھیل کا دورہ کرکے وہاں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لے۔انہوں نے کہا کہ جھیل کے قریب بھاری مشینری کے ذریعے تعمیراتی کام سے ماحولیاتی توازن بری طرح متاثر ہوگا اور امرناتھ گپھا میں موجود شیو لنگم وقت سے پہلے ہی پگھل سکتا ہے۔ یہ جھیل دریائے لِدر کوپانی کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے ، جہاں سے دریائے جہلم کو بھی پانی فراہم ہوتا ہے۔ محبوبہ مفتی نے واضح کیاکہ یہ جھیل کشمیریوں کی بقا کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شیش ناگ جھیل کوئی تفریحی مقام نہیں ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگوں کو جانے کی اجازت ہونی چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ عمر عبداللہ کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے اس علاقے کے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیے بغیر تعمیراتی سرگرمیوں کی کیسے منظوری دی ؟
واضح رہے کہ محبوبہ مفتی کوپیر کے روز شیش ناگ جھیل جانے سے روک دیا گیاتھا۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر جھیل کے پاس کچھ بھی غلط نہیں ہو رہا تھا تو پھر انہیں شیش ناگ جاتے ہوئے راستے میں کیوں روکا گیا







