بھارتی یونیورسٹی نے راجستھان میں 35کشمیری طلبا ء کو معطل کر دیا
جے پور:بھارتی ریاست راجستھان کے شہر چتورگڑھ میں واقع میواریونیورسٹی نے ادارے کی امتیازی پالیسیوں کے خلاف احتجاج میں حصہ لینے پر 35کشمیری طلبا ء کو معطل کر دیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاج کرنے والے طلباء کو بھارتی حکام نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیراقتدار ریاست میں معطل کر دیا۔ اس واقعے نے بھارتی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا ء کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تشویش پیدا کردی ہے۔یونیورسٹی کے اقدام نے غم و غصے کو جنم دیا ہے جس سے کشمیری طلباء اور بھارتی حکام کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔طلباء راجستھان نرسنگ کونسل اور انڈین نرسنگ کونسل کی جانب سے پروگرام کی منظوری کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کرتے رہے ہیں جس سے پروگرام میں داخلہ لینے والے 45کشمیری طلبا ء کے تعلیمی مستقبل کو خطرہ لاحق ہے۔جموں و کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے طلبا ء کی معطلی کی مذمت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے سخت موقف پر گہری تشویش کا اظہار کیاہے ۔ ایسوسی ایشن نے کہاکہ بی جے پی حکومت کے حکم پر یونیورسٹی حکام خوف و ہراس پیدا کر رہے ہیں اور بھارتی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا ء کے حقوق چھین رہے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیرکی طلبا ء یونین نے حکام پر زور دیا کہ وہ ان طلبا ء کے تعلیمی مستقبل کا تحفظ کریں۔