مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ جموں وکشمیر:وزیر اعظم عمران خان ، جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصاویر والے پوسٹر چسپاں
سرینگر04 فروری (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصاویر والے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ پوسٹر 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں چسپاں کیے گئے ہیں جو ہر برس پاکستان اور آزاد جموںوکشمیر میں منایا جاتا ہے۔ مقبوضہ وادی کشمیر کے کئی علاقوں میں لگائے جانے والے پوسٹروں میں درج تحریر میں تنازعہ کشمیر کو تمام عالمی فورموں پر موثر طریقے سے پیش کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا گیا ۔پوسٹروں کے ذریعے بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔