آئین ملک کی روح اور ناانصافی کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار ہے: راہل گاندھی
مودی حکومت آئین پر حملہ آور ہے ، ہر حال میں آئین کا تحفظ کیاجائے گا
نئی دہلی: یومِ آئین (سنویدھان دیوس) کے موقع پر جمعرات کے روز بھارت میں انڈین نیشنل کانگریس کے لیڈر اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ آئین جمہوریت کی مضبوط بنیاد ہے اورہر حال میں اسکا تحفظ کیا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے یوم آئین پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’پر ایک پوسٹ آئین کو ملک کی روح قرار دیتے ہوئے کہاکہ ” آئین محض ایک کتاب نہیں ہے، بلکہ یہ قوم کی روح ہے۔ یہ ہر شہری کے وقار کی ڈھال، ہر آواز کی طاقت اور انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کا محافظ ہے۔”انہوںنے مزیدکہاکہ مودی حکومت آئین پر حملہ آور ہے تاہم انہوں نے اس کے ہرممکن تحفظ کا عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ناانصافی کے خلاف ہمارا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ یومِ آئین پر وہ اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ ہر حال میں آئین کی حفاظت کریں گے اور ہر بھارتی کے حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہیں گے۔
دوسری جانب، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی یومِ آئین کے موقع پر جمہوریت و آئین کو بچانے کا عزم دہرایاہے۔
انہوں نے کہا کہ آج آئین کے بنیادی اصولوں بشمول انصاف، آزادی، مساوات، اخوت، سیکولرازم اور سوشلزمکی حفاظت کرنا ہماری سب سے بڑی قومی ذمہ داری ہے۔ یوم آئین کے موقع پر کانگریس پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں مودی حکومت کی طرف سے’ووٹ چوری’ کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔







