بھارت

بھارتی حکومت نے ذاکر نائیک کی تنظیم ”آئی آر ایف “کے خلاف کارروائی کے اختیارات ریاستوں کو سونپ دیے

نئی دہلی: بھارتی وزارت داخلہ نے معروف اسلامی مبلغ ذاکر نائیک کی تنظیم ’اسلامک ریسرچ فاونڈیشن‘ (آئی آر ایف) کے خلاف کارروائی کے لیے ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 کی مخصوص دفعات کے تحت اختیارات سونپ دیے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت اب ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے تنظیم کے مالی وسائل اور اس کے زیر استعمال عمارتوں و دیگر املاک کے خلاف کارروائی کرسکیں گے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے” یو اے پی اے “کی دفعات 7 اور 8 کے تحت حاصل اختیارات ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو بھی استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔
ان دفعات کے تحت مرکزی حکومت کسی غیر قانونی قرار دی گئی تنظیم کے مالی وسائل منقطع کرنے اور اس کے زیر استعمال عمارتوں یا دیگر مقامات پر قبضہ یا ان کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی کارروائی کرسکتی ہے۔ وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ کی دفعہ 42 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے مرکزی حکومت ہدایت دیتی ہے کہ دفعہ 7 اور 8 کے تحت اس کے پاس موجود تمام اختیارات اب متعلقہ ریاستی حکومتیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ بھی استعمال کرسکیں گی۔
یہ فیصلہ وزارت داخلہ کی جانب سے 13 نومبر کو اسلامک ریسرچ فاونڈیشن پر عائد پابندی میں مزید 5 سال کی توسیع کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ وزارت نے تنظیم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی مسلسل تیسری مرتبہ بڑھائی تھی۔ وزارت کے مطابق تنظیم ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے جو ملک کی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں اور جن سے امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ملک کے سیکولر ڈھانچے کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ اسلامک ریسرچ فاونڈیشن کی بنیاد ذاکر نائیک نے فروری 1991 میں ممبئی میں رکھی تھی۔ یاد رہے کہ ذاکر نائیک بھارت چھوڑ کر ملائیشیا منتقل ہو چکے ہیں، جہاں انہیں مستقل رہائش حاصل ہے۔
مرکزی وزارت داخلہ نے 17 نومبر 2016 کو یو اے پی اے کی دفعات 3(1) اور 3(3) کے تحت آئی آر ایف کو غیر قانونی تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر 5 سال کے لیے پابندی عائد کی تھی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button