شوپیان کے علاقے سنگرن کے مکین پانچ سال سے پینے کے صاف پانی سے محرو م
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع شوپیاں کے علاقے سنگرن کے مکین تقریبا پانچ سال سے پینے کے پانی کی باقاعدہ فراہمی سے محروم ہیں اور بیشتر گھرانے قریبی ندی نالوں کاآلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علاقے کے تقریبا 100گھرانے پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ علاقے میں پانی کی فراہمی کا مقامی منصوبہ غیر فعال ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ندی نالوں کا پانی پینے سے آبی امراض سمیت صحت کے سنگین مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ایک مقامی رہائشی منظور احمد بٹ نے بتایا کہ لوگ ندی نالوں کا آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ آبی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے کیونکہ بہت سے گھرانوں کے پاس پانی کا کوئی متبادل ذریعہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی کا منصوبہ آزمائشی بنیادوں پر مختصر عرصے کے لیے فعال کیا گیا تھا۔ تاہم، بعد ازاں اسے دوبارہ بند کر دیا گیا۔ حکام سے بار بار اپیلوں کے باوجود پانی کی فراہمی کا مستقل حل نہیں نکالا گیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق بعض گھرانوں نے اپنے طور پر بورویل نصب کر لیے ہیں۔ تاہم دیگر خاندان اب بھی ندی نالوں کے پانی پر انحصار کر رہے ہیں۔پانی کی قلت نے لوگوں بالخصو ص بزرگوں اور بچوں کو متاثر کیا ہے۔ لوگوں کو سخت سردی کے موسم میں پانی لانے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی فراہمی کے منصوبے کو بحال کیا جائے اور تمام گھرانوں کے لیے پینے کے صاف پانی کی باقاعدہ فراہمی یقینی بنائی جائے۔









