مقبوضہ جموں و کشمیر

شہریار آفریدی کا کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت پر کشمیری ماوں اور بہنوں کو شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد23فروری(کے ایم ایس )
پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت کے موقع پر کشمیری ماوں، بہنوں اور بیٹیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شہریار آفریدی نے کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت کے موقع کشمیر کمیٹی کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 23فروری 1991کو راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے کنن پوش پورہ میں کشمیری خواتین کی اجتماعی عصمت دری کی جو کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نسل کشی کے منصوبے کی عکاس ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک ستم ظریفی ہے کہ 31سال گزر جانے کے باوجود انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور بین الاقوامی حکومتی تنظیمیں اور ریاستیں اجتماعی عصمت دری کی تحقیقات کرانے اور ذمہ داروں کو سزا دینے میں ناکام رہی ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ کشمیریوں کی جان اور عزت اہم ہے اور عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے مداخلت کرے۔انہوں نے کہا کہ کیونکہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں زیر التوا ہے اس لیے یہ تمام رکن ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کے انسانی حقوق کو برقرار رکھیں۔شہریار آفریدی نے کہا کہ انسانی حقوق بنیادی حق ہے نہ کہ اخذ کردہ حق اس لیے یہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ کنن پوش پورہ اجتماعی عصمت دری کی کیس اسٹڈی کے طور پر تحقیقات کرے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک اور ناروا سلوک کی تحقیقات کیلئے چار رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دے گی اور یہ کمیٹی اقوام متحدہ کی حکومت کے ساتھ اس معاملے کو اٹھانے میں مدد کرے گی۔کمیٹی نے کشمیری شہدا، مسلح افواج اور نیم فوجی دستوں کے شہدا، سینیٹر رحمان ملک اور فرائض کی ادائیگی میں شہید ہونے والے دیگر پاکستانیوں کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔اجلاس میں سینئر وزیر آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس، وفاقی سیکرٹری وزارت نارکوٹکس کنٹرول سید کلیم امام، سیکرٹری وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان شیر عالم محسود، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار، ،سیکرٹری وزارت دفاع میجر جنرل خرم سرفراز خان، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ،کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما سید فیض نقشبندی، کشمیر پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک اور چیف ایگزیکٹو آفیسر شہزاد چوہدری، صدر کینیڈا پاکستان گلوبل کانگریس چوہدری ظفر اقبال اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button