بھارت :مسلم دشمن اور اشتعال انگیزبیانات کے خلاف مہاراشٹراکے مختلف علاقوں میں احتجاج
ممبئی :مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات اور اشتعال انگیز سیاست کے خلاف بھارتی ریاست مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ناگپور میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی دھرنا دیا ۔فاروق نگر کے شاہین باغ میدان میں اہل سنت والجماعت اور رضائے نظامی ویلفیئر کے کارکنوں نے اہانت آمیز بیان دینے والے رام گیری اور مسلمانوں کو مسجد میں گھس کر مارنے کی دھمکی دینے والے نتیش رانے کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا دیا ۔دھرنے میں شہر کے جعفر نگر، ٹیکا، شانتی نگر، بھالدارپورہ، مومن پورہ، تاج باغ نگراوردیگر علاقوں سے ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر علمائے کرام نے کہا کہ مسلمان کسی بھی صورت میں حضوراکرم ۖکی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا ہم موجودہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان نام نہاد مذہبی رہنمائوں کو لگام دیں اور گستاخی کرنے والے رام گیری اور مسلمانوں کو دھمکی دینے والے نتیش رانے کو فورا گرفتار کرے۔اس دوران ناندیڑ میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیاکے ضلع صدر محمد اعجاز کی قیادت میں ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے مسلمانوں کے خلاف جاری نفرت کی سیاست کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ نیز گستاخ رام گیری اور نفرت انگیز بیان دینے والے نتیش رانے کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ ادھر ضلع دھولے کے علاقے شیرپور میں سماج وادی پارٹی کے وفد نے پولیس کو ایک یادداشت پیش کرکے رام گیری اور اس کی پشت پناہی کرنے والے رکن اسمبلی نتیش رانے کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پارٹی رہنما الطاف امیر بیگ نے خبردارکیاکہ اگر پولیس نے فوری طور پر ان دونوں کو گرفتار نہ کیا تو ریاست گیر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔