مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہزاروں خواتین کو قتل کیاگیا اور بے حرمتی کی گئی

3بھارت خواتین کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے
اسلام آباد 08 مارچ (کے ایم ایس) دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری خواتین پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے آج خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق جنوری 1989 سے اب تک بھارتی ریاستی مشینری کے ہاتھوں شہید ہونے والے 95 ہزار 981 کشمیریوں میں ہزاروں خواتین بھی شامل ہیں۔ جنوری 2001 سے بھارتی فوجیوں نے کم از کم 681خواتین کو شہید کیا ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ 11,250 خواتین کی بے حرمتی کی گئی جن میں کنن پوش پورہ اجتماعی عصمت دری کی متاثرین بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی پیلٹ فائرنگ سے سینکڑوں طالبات زخمی ہوئیں جبکہ 19 ماہ کی حبہ جان اور 2 سالہ نصرت جان سمیت کئی کی بینائی ضائع ہوچکی ہے۔ آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین اور نسیمہ بانو سمیت ایک درجن سے زائد خواتین کو کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے جائز مطالبے کی حمایت کرنے پر غیر قانونی نظربندی کا سامنا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ خواتین کے عالمی دن کی کشمیری خواتین کے نزدیک کوئی اہمیت نہیں کیونکہ انہیں مسلسل بھارتی فوجیوں کے مظالم کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خواتین کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہزاروں کشمیری خواتین کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے اپنے شوہروں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے سرینگر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کوئی حل نہیں کیونکہ یہ صرف انسانی معاشروں میںتباہی لاتی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو ہمیشہ کے لیے حل کرنے کی خاطر بات چیت کا عمل شروع کریں۔
ادھر آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک سیمینار کے مقررین نے جموں و کشمیر کی جدوجہدآزادی میں کشمیری خواتین کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مظلوم خواتین سمیت تمام کشمیریوں کے وقار کو بحال کرنے کے لیے تنازعہ کشمیر کے باعزت اور منصفانہ حل میں مدد کرے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین پر بھارتی مظالم کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے لئے مظفرآباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنماو¿ں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور سیمینار منعقد کیا ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button