مقبوضہ جموں و کشمیر

اوآئی سی مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری نسل کشی پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے

لندن 22مارچ (کے ایم ایس)آرگنائزیشن آف کشمیر کولیشن کے رہنمائوں پروفیسر نذیر احمد شال اور بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت کی طرف سے ہونے والی نسل کشی پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پروفیسر شال اور بیرسٹر ترمبو نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طٰہ کے نام لکھے گئے ایک خط میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی نے ہمیشہ دانشمندانہ حکمت عملی کی حمایت کی لیکن افسوس ہے کہ بھارت کی قیادت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتہا پسندانہ پالیسیاں بنائیں اور ان پر عمل درآمد کیا۔انہوں نے خاص طوپر 5 اگست 2019کے بعدکشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگرکیا جب بھارتی حکومت نے دفعہ 370اور 35Aکو منسوخ کیاجن کے تحت جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی۔آرگنائزیشن آف کشمیر کولیشن کے رہنمائوں نے اسلامی تعاون تنظیم اوراس کے سیکرٹری جنرل پر زوردیا کہ وہ عالمی عدالت انصاف سے رجوع کریں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں نسل کشی کے جرم میں ملوث ان تمام مجرموں کے خلاف مقدمہ درج کریں جنہوں نے بھارتی حکومت کے کہنے پر اس میں حصہ لیاہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت نسل کشی کو روکنا او آئی سی کا فرض اورکشمیریوںکا تحفظ اس کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ اپنے طریقہ کار کے مطابق ان اجتماعی اور نامعلوم قبروں کی مکمل تحقیقات شروع کرے جو مقبوضہ جموں و کشمیرکے طول وعرض میں پھیلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یورپی پارلیمنٹ نے 2008میں اس معاملے پر ایک قراردادمنظور کی تھی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button