اروناچل پردیش میں بھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں
آئی ٹی بی پی سربراہ کا چین کا مقابلہ کرنے میں ناکامی کا اعتراف
نئی دہلی : اروناچل پردیش کی سرحد پر متعدد مقامات پر بھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں، جبکہ بھارتی سرحدی پولیس کے سربراہ نے روایتی طریقوں سے چین کا مقابلہ کرنے میں ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس پیش رفت کی تصدیق انڈو تبتن بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے ڈائریکٹر جنرل شترو جیت سنگھ کپور نے کی جنہوں نے بتایا کہ فورس کے نئے قائم کیے گئے شوریہ کمانڈوز نے ان جھڑپوں کے دوران اپنا کردار ادا کیا۔
یہ جھڑپیں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر جاری اختلافات کے باعث ہوئی ہیں جہاں سرحدی حدود تاحال متنازعہ ہیں۔اس اعتراف سے مشرقی سرحد کے بلند پہاڑی مقامات پر تعینات بھارتی افواج کو درپیش مشکلات اور ان پر بڑھتے ہوئے دباو کی نشاندہی ہوتی ہے۔
بھارت میں سیاسی ہلچل پیدا کرنے والے ایک واضح اعتراف میں آئی ٹی بی پی کے ڈائریکٹر جنرل شترو جیت سنگھ کپور نے کہا کہ روایتی جنگی طریقوں سے چین کا مقابلہ کرنا اب مشکل ہو گیا ہے کیونکہ بیجنگ فوجی جدیدکاری کے میدان میں بہت آگے نکل چکا ہے۔
راجستھان کے شہر الور میں آئی ٹی بی پی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کپور نے کہاکہ روایتی طریقوں سے اب چین کا مقابلہ کرنا مشکل ہوگا، کیونکہ چین نے اپنی افواج کو جدید بنانے پر بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور وہ آگے نکل چکا ہے۔انہوں نے روس اور یوکرین کی جنگ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے چھوٹی ریاستیں بھی بڑی ریاستوں کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ چین کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارت کو ڈرون ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
یہ اعتراف بھارتی فوجی برتری کے دعوو¿ں پر سوالات کھڑے کرتا ہے اور ایل اے سی پر تعینات بھارتی افواج کی بڑھتی ہوئی کمزوریوں کو ظاہر کرتا ہے۔








