وزیر اعظم شہبا ز شریف کے تنازعہ کشمیر بارے حالیہ بیان سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار
نئی دلی 12اپریل (کے ایم ایس)
نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں افتتاحی خطاب جس میں انہوں نے بھارت کے ساتھ پر امن تعلقات کو دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل سے منسلک کیاتھا ،نے بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے ۔
بی جے پی کے رہنما کویندر گپتا جنہوں نے مقبوضہ کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر بھی خدمات سرانجام دی ہیں تنازعہ کشمیر کے حل کو بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کیلئے ناگزیر قراردینے پر نومنتخب وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف پر شدید تنقید کی ہے ۔ انہوں نے شہباز شریف کی طرف سے تنازعہ کشمیر کے ذکر کو پاکستان کو درپیش اندررونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش قراردیا۔ کویندر گپتا کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے کشمیر کے مسئلہ کو اٹھایا ہے وہ نہ صرف ان کے لیے خطرناک ہے اور انہیں اپنے ملک کودرپیش مشکلات پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کے حکمرانوں نے ہمیشہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورموںپر مسئلہ کشمیر کو اٹھانے کی کوشش کی ہے جوکہ ناقابل برداشت ہے۔ وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد اپنی افتتاحی تقریر میں شہباز شریف نے زور دے کر کہاتھا کہ انکی حکومت بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے لیکن جب تک کشمیر کادیرینہ تنازعہ حل نہیں ہوتا پاکستان اور بھارت کے درمیان پرامن تعلقات قائم نہیں ہو سکتے۔ اس کے علاوہ انہوں نے دفعہ 370کی منسوخی اورمقبوضہ کشمیر کے عوام پر اس کے منفی اثرات کی بھی مذمت کی تھی۔