مقبوضہ جموں و کشمیر

عالمی برادری کشمیری نظربندوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے: نعیم خان

میر واعظ یوسف شا ہ کو انکی مذہبی اور سیاسی خدمات پر شاندار خراج عقیدت

سرینگر19اپریل (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند رہنماء نعیم احمد خان نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت اور غیر قانونی طور پر اس کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میں غیر انسانی صورتحال میں قید تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نعیم احمدخان نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہاہے کہ بھارت غیر قانونی نظربندیوں ، گرفتاریوں اور خوف وہراس کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا۔ انہوںنے واضح کیاکہ مسلسل گرفتاریوں کے باوجود حریت رہنمائوں اور کارکنوںکا عزم و حوصلہ کمزور نہیں ہوا اوروہ جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے کوئی بھی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔
ادھربھارتی فوجیوں نے آج ضلع شوپیاں کے علاقے ہر پورہ بٹہ گنڈ میںمحاصرے اور تلاشی کی ایک بڑی کارروائی شروع کی۔فوجیوں نے گھروں میں زبردستی داخل ہو کر مکینوںکوہراساں کیا اور توڑ پھوڑ کی ۔
جموں کے بی سی روڈ کے قریب اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے محکمہ صحت کے کارکنوں پر بھارتی پولیس کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد کارکن زخمی ہو گئے ۔ درجنوں کارکنوںکو پولیس نے گرفتار کرکے گاندھی نگر پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ۔
سرینگر میں سڑک کے ایک حادثے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 12زخمی ہوگئے ۔
ادھرممتاز سیاسی و مذہبی رہنما میر واعظ محمد یوسف شاہ کو ان کی 55ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جموں و کشمیر عوامی مجلس عمل نے آج جامع مسجد سرینگر میں ایک خصوصی دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا ۔ اس موقع پر لوگوں نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی 5اگست 2019سے گھر میں مسلسل نظربندی پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ نے اسلام آباد میں ایک اجلاس میں میر واعظ محمد یوسف شاہ کو ان کی مذہبی، سیاسی اور سماجی خدمات پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی مساجد ، درگاہوں اور امام بارگاہوں میں زبردستی بھارتی ترانے پڑھائے جانے اور کشمیری طلباء ، دانشوروں اور صحافیوں پرظلم و تشدد کی شدید مذمت کی ہے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button