مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کامقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری قتل وغارت پر اظہار تشویش

download (12)سرینگر13جون (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری قتل و غارت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے آج سرینگر میں اعلی سطح کے ایک اجلاس کے بعد جاری کئے گئے ایک بیان میں اس بات پر زور دیا کہ سیاسی مذاکرات آگے بڑھنے اور خونریزی کو ختم کرنے کا سب سے موثر طریقہ ہے۔اجلاس کے شرکا ء نے بتایا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارت کی جانب سے اختیار کی جانے والی کشمیر دشمن پالیسیوں، فوجی طاقت کے استعمال اورظالمانہ ہتھکنڈوں سے تنازعہ کشمیر حل نہیں ہوسکا اور نہ آئندہ اس سے کوئی فائدہ ہوگا۔حریت رہنمائوںنے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے جموں و کشمیر کے لوگوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات کااعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کے وسیع ترمفاد کے لئے بھارت کے پاس مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات بہتر بنانے کا موقع ہے۔اجلاس میں ہندوتوا انتہا پسند بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمائوں کے گستاخانہ بیانات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔حریت قیادت نے کہا کہ اس سے بھارت میں اقلیت مخالف باالخصوص مسلم مخالف پالیسیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی ہوتی ہے۔ قیادت نے کہا کہ دنیا بی جے پی کی پالیسیوں سے بخوبی واقف ہے اور مسلمانوں کے گھروں کو بلڈوز ر کے ذریعے مسمارکرنے کی موجودہ پالیسی پوری دنیا کے لیے چشم کشا ہونی چاہیے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button