بھارت کے غیرقانونی تسلط سے جموں وکشمیر دنیاکا خطرناک ترین مقام بن گیا ہے ، بلال صدیقی
سرینگر 23ستمبر( کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میںلاکھوں کی تعداد میں فوجی تعینات اوراپنے ظالمانہ اقدامات کے ذریعے جموں وکشمیر کو دنیا کے خطرناک ترین مقام میں تبدیل کردیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بلال صدیقی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی کشمیری عوام خصوصا نوجوانوںکواپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکنے کیلئے گرفتاراورظلم و تشدد کانشانہ بنانے کے علاوہ انہیں ہراساں اورخوفزدہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی جانب سے اپنے حالیہ دورہ بھارت کے دوران تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیش کش بھارت کے چشم کشا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت تمام تر سامراجی ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجودکشمیر کے بارے میں اپنا جھوٹا اور من گھڑت بیانیہ بیچنے میں بری طرح ناکام رہا ہے ۔بلال احمد صدیقی نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جاری ہے اور ہم عالمی ادارے کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ اس کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بدترین مظالم کا شکار ہیں۔نہوںنے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کوکشمیری عوام کو انکا حق خودارادیت دینے کے بارے میں اپنے وعدوں پر عمل کرنے اور آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے لیے سازگار ماحول قائم کرنے کی غرض سے سنجیدہ کوششیں کرنے کیلئے بھارت پردبائو بڑھاناچاہیے ۔ بلال صدیقی نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پرکشمیری عوام کی طرف سے ترک صدر اور سعودی وزیر خارجہ کاشکریہ ادا کیا۔